بہاول نگر۔صوبائی وزیر زکوۃ و عشر میاں شوکت علی لالیکا نے کہا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس کو باری تعالیٰ نے تمام انسانوں کے حق میں خلق عظیم اور اسوہ جلیل اور بے مثل سیرت اور سب کے لئے قابل تقلید نمونہ، انسان سازی اور شخصیت و کردار ک

Date: 
Nov 21, 2020
Department / District: 
Bahawalnagar

بہاول نگر۔صوبائی وزیر زکوۃ و عشر میاں شوکت علی لالیکا نے کہا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس کو باری تعالیٰ نے تمام انسانوں کے حق میں خلق عظیم اور اسوہ جلیل اور بے مثل سیرت اور سب کے لئے قابل تقلید نمونہ، انسان سازی اور شخصیت و کردار کی تشکیل کے لئے ایک ماڈل آف لائف بنایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ سٹی ہائی سکول میں شان رحمت اللعالمین کے سلسلہ میں نعت خوانی ،قرآت اور سیرت النبی کے مقابلوں میں تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سیف اللہ ساجد، اسسٹنٹ کمشنر منور حسین مگسی اور دیگر سرکاری افسران، ایجوکیشن کے آفیسرز، پرنسپل سٹی ہائی سکول  اور سٹوڈنٹس نے شرکت کی۔صوبائی وزیر شوکت علی لالیکا نے مزید کہا کہ 
حیات رسول کو اسوہ حسنہ اور سیرت بے مثل اور دوسروں کے لئے قابل عمل بنانے کے رازوں میں سے ایک راز خود باری تعالیٰ نے قرآن حکیم میں ظاہر کردیا کہ آپ ’’خلق عظیم‘‘ کے مالک ہیں اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے خود بھی اس حقیقت کو آشکار کردیا ہے کہ لوگو! اللہ رب العزت نے مجھے رسول بناکر بھیجا ہے۔ میری بعثت اور میری رسالت اور میری نبوت کے مقاصد میں سے ایک بہت بڑا مقصد تمام انسانوں کے لئے اعلیٰ اخلاق، اعلیٰ رویوں، اعلیٰ اطوار اور اعلیٰ عادات کا ظہور ہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سیف اللہ ساجد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رسول اکرم کی تعلیمات اور محبت کا تقاضا ہے کہ اخلاق حسنہ کو اپنی شخصیت کی پہچان بنائیں۔ اپنی ظاہری وجود کو سنوارنے کی طرح باطنی وجود کو بھی اعلیٰ عادات، اعلیٰ اخلاق، اعلیٰ رویوں سے مزین کریں۔ اپنے وجود کو اعلیٰ انسانی اوصاف کا پیکر بنائیں۔ تقریب میں دیگر مقررین نے سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔تقریب کے اختتام پر سٹوڈنٹس کو انعامات اور سرٹیفکیٹس دیے گئے۔