ہفتہ شان رحمت العالمین کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ مظفرگڑھ کے زیر اہتمام پریس کلب میں سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا گی

Date: 
Nov 21, 2020
Department / District: 
Muzaffargarh

ہفتہ شان رحمت العالمین کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام پریس کلب  میں سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔کانفرنس میں علماء مشائخ،سول سوسائٹی،میڈیا نمائندگان اور شہر یوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔کانفرنس میں رانا محمد افضل , صدر پریس کلب اے بی مجاہد, ماجد خانزادہ, احمد سعید چوہدری  اور دیگر نے شرکت کی۔کانفرنس سے حافظ محمد سلیم گولڑوی سمیت دیگر مقررین نے خطاب کیا. 
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ حضرت محمدصلی اللہ علیہ وآ لہ وسلم کی ذات تمام جہانوں, تمام انسانوں, تمام مخلوقات اور تمام نسلوں کے لئے باعث رحمت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آپ خاتم الانبیا, شافعی محشر اور ساقی کوثر ہیں.  آپ کا پیغام اور آپ کی تعلیمات ابدی اور لافانی ہیں. آپ نے انسانیت کو تاریکی سے نکال کر روشنی کی راہ پہ ڈالا. 
انہوں نے کہا کہ تمام مسلمان ممالک کو مل کر پوری دنیا خصوصاََ مغربی دنیا میں پاک پیغمبر کی شخصیت اور تعلیمات کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کر نا چاہیے تاکہ دنیا رحمت اللعالمین کی سیرت اور تعلیمات سے بہرہ مند ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ نبی آخر الزماں کی ہستی پوری کائنات کیلئے باعث رحمت و برکت ہے۔انہوں نے کہا آپ کسی خاص علاقے قوم اور ملک کے نہیں بلکہ ساری انسانیت کے رہبر ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیرت النبی کانفرنس کے انعقاد کا اصل مقصد یہ ہے کہ نسل نو کو حضور کی سیرت اور تعلیمات سے آگاہ کیا جائے اور آپ کے فر مودات پر عمل کرکے دنیا وی اور اخروی بھلائی حاصل کی جائے۔
اس موقع پر عالم اسلام کی سربلندی اور پاکستان کی ترقی کے لئے دعا بھی کرائی گئی .