On the direction of Chief Minister Punjab activities regarding Shan-e-Rehmatul-Lil-Alameen Week is going on in D.G. Khan

Date: 
Nov 18, 2020
Department / District: 
Dera Ghazi Khan

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر ڈیرہ غازیخان میں ہفتہ شان رحمت اللعالمین ﷺ کی تقریبات جاری ہیں.چوٹی زیریں میں سیرت کانفرنس کا انعقاد کیاگیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر کوٹ چھٹہ محمد اسدچانڈیہ کے علاوہ علماء، مشائخ اور دیگر نے شرکت کی. مقررین نے کہاکہ حضور ا کرم  ﷺ کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کی جائے گی. نبی اکرم ﷺ رحمت بنا کر بھیجے گئے. حضور اکرم  ﷺ نے اپنی سیرت او رکردار سے کسی کی دل شکنی نہیں کی او رایسی مقدس ہستی کے بارے میں گستاخی کا تصور بھی گناہ ہے. اقوام عالم گستاخانہ خاکوں کا نوٹس لے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے. اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار کی ہدایت پر سات روزہ شان رحمت اللعالمین ﷺ تقریبات منانے کا مقصد بھی اقوام عالم کو باور کرانا ہے کہ خاتم النبین  ﷺ کی شان میں گستاخی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی. 

حکومت پنجاب محکمہ اوقاف اور ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے دربار حضرت سخی سرور ؒ میں سیرت کانفرنس کا انعقاد کیاگیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر کوٹ چھٹہ محمد اسد چانڈیہ، محکمہ اوقاف کے افسران، علماء مشائخ اور دیگر نے شرکت کی. اس موقع پر حضرت سخی سرور ؒ کے مزار پر فاتحہ خوانی بھی کی گئی. سیرت کانفرنس سے علماء، مشائخ، مقررین اور اسسٹنٹ کمشنر محمد اسد چانڈیہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حضور اکرم  ﷺ کی وجہ سے کائنات تخلیق کی گئی. حضرت محمد  ﷺ خاتم النبین ہیں. آپ کے اسوہ حسنہ  ﷺ پر عمل کرتے ہوئے دنیا او رآخرت میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے. 

وزارت اطلاعات و ثقافت پنجاب کی ہدایت پر ڈی جی خان آرٹس کونسل میں ہفتہ شان رحمت اللعالمین  ﷺ کے تحت گزشتہ روز نعتیہ محفل مشاعرہ کا انعقاد کیاگیا جس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ڈی جی خان آرٹس کونسل سلیم قیصر نے کہا کہ حضور اکرم  ﷺ کی ذات اقدس ہم سب کیلئے مشعل راہ ہے آپ تمام جہانوں کیلئے رحمت بن کر آئے. ہفتہ شان رحمت اللعالمین  ﷺ منانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ ہم رسول پاک ﷺ کی محبت اور اسوہ حسنہ پر عمل کرتے ہوئے کامیابیاں سمیٹیں. نعتیہ محفل مشاعرہ سے ڈویژن سے تعلق رکھنے والے نامور شعرائے کرام نے سیرت النبی ﷺ سے

متعلق اشعار پیش کر کے حضور اکرم  ﷺ کے ساتھ اظہار محبت او رگلہائے عقیدت پیش کیے. 

رکن صوبائی اسمبلی ڈیرہ غازیخان ڈاکٹر شاہینہ نجیب کھوسہ نے کہا ہے کہ رسول اکرم ﷺ سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے. پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے رحمت اللعالمین  ﷺ سے محبت کا ثبوت دینے کیلئے ہفتہ شان رحمت اللعالمین ﷺ منانے کا احسن اقدام کیاجس میں زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد اپنی استطاعت کے مطابق حصہ لے رہے ہیں انہوں نے یہ بات غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازیخان میں سیرت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی. انہوں نے کہاکہ رسول پاک  ﷺ کی بڑائی بیان کرنے سے تسکین قلب حاصل ہوتی ہے حضور اکرم  ﷺ کی شان بیان کرنے سے انسان کی زندگی سنور سکتی ہے. وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل کی زیر نگرانی اور نظامت امور طلبہ کے زیر اہتمام ہفتہ شان رحمت اللعالمین کے تیسرے روز سیرت کانفرنس کا انعقاد کیاگیا جس میں  نظامت کے فرائض ڈاکٹر راشدہ قاضی نے سر انجام دیئے۔ جامعہ غازی کے مختلف شعبہ جات میں سے طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے اس کانفرنس میں شرکت کی۔  ملک میں کرونا کی صورت حال کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کو مد نظر رکھتے ہوئے پروگرام میں شرکاء کی تعداد کو محدود رکھا گیا، ماسک اور سینیٹائزر کا استعمال لازمی قرار دیا گیا۔ معروف سکالر ڈاکٹر عبدالمجید کریمی اور ڈاکٹر مفتی عبدالرزاق نے موضوع کانفرنس کے حوالے سے خطاب کیا.  

ضلعی انتظامیہ ڈیرہ غازیخان نے اتوار 22نومبر کو 11بجے دن ضلع کونسل ہال میں ہفتہ شان رحمت اللعالمین ﷺ کے تحت محفل میلاد و سیرت کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے. انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے ڈپٹی کمشنر آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام محکموں کو ذمہ داریاں سونپی گئیں. ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے کہا کہ سیرت کانفرنس کے موقع پر سکیورٹی، کورونا وائر س کی ایس او پیز، صفائی، پروگرام کی تشہیر اوردیگر انتظامات یقینی بنائے جائیں. کانفرنس میں سرکاری محکموں کے ملازمین، سول سوسائٹی اور زندگی کے ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے مردوخواتین شریک ہو ں گے.