On the direction of Chief Minister Punjab programmes ongoing in the whole District Kasur.

Date: 
Nov 18, 2020
Department / District: 
Kasur

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی خصوصی ہدایات پر ہفتہ شانِ رحمت العالمین ﷺکے سلسلہ میں میونسپل کمیٹی چونیاں میں اسسٹنٹ کمشنرچونیاں عدنان بدر کے زیرنگرانی عظیم الشان محفل میلاد مصطفیﷺ کا انعقاد کیاگیا جس میں افسران واہلکاران کے علاوہ تمام مکاتبِ فکر کے علماء کرام اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی، اس موقع پر شرکاء کی جانب سے نبی کریم ﷺکی خدمت میں گلہائے عقیدت اور درودوسلام کا نذرانہ پیش کیاگیا۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حضرت محمدﷺ اللہ کے آخری پیغمبر ہیں آپﷺ پر دینِ اسلام مکمل ہوا۔آپﷺ نے عدل وانصاف پر مبنی ایسا معاشرہ قائم کیا جوکہ اپنی مثال آپ ہے۔ سرکاردوعالمﷺ اپنے اعلیٰ کردار کی بناء پر دنیا کے لیے ایک مثال بنے۔ آپﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہوکر ہم ایسا معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں جس میں آقا وغلام، امیر وغریب سب یکساں ہوں۔ کوئی بھی معاشرہ انصاف کے بغیر پروان نہیں چڑھ سکتا جس کا سبق ہمیں آقادوعالمﷺ نے آج سے چودہ سوسال پہلے دیا۔ نبی کریم ﷺسے محبت ہمارے ایمان کی بنیاد ہے۔ مسلمان تمام مصائب برداشت کرسکتے ہیں لیکن سرکارِ دوعالم ﷺ کی شانِ میں گستاخی ہرگز برداشت نہیں سکتے۔ نبی کریم ﷺکی حرمت پر جان بھی قربان ہے۔ اس موقع پر مقررین نے نازیبا بیانات اور گستاخانہ خاکوں کی پُرزور مذمت کی۔محفل میلادمصطفیﷺ کے اختتام پر ملک وقوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعابھی کی گئی۔ 

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ہفتہ شان رحمت للعالمین ﷺ منانے کے سلسلہ میں ضلع بھر میں تقریبات تیسرے روز بھی جاری ہیں، محکمہ ہیلتھ کے زیراہتمام سی ای او ہیلتھ قصورکے آفس میں شاندار سیرت النبیﷺکانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔سیرت النبیﷺکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ آپﷺ کو دونوں جہانوں کے لیے رحمت العالمین بنا کر بھیجا گیا۔ آپ ﷺکی سیرت پر عمل پیرا ہوکر ہی ہم دنیا وآخرت کی کامیابیاں سمیٹ سکتے ہیں۔ نبی کریم ﷺسے عقیدت ومحبت ہر مسلمان کے ایمان کا بنیادی جزو ہے۔ ہم کسی بھی صورت برداشت نہیں کرسکتے کہ آقا دوجہاں سرکارِ مدینہ ﷺکی ذاتِ مبارکہ کو کسی بھی حوالے سے نشانہ بنایاجائے۔ آپﷺ نے طاقتور اور کمزور،آقااور غلام کا فرق ختم کردیا اور اہلِ عرب کو برابری، مساوات اور اخوت کے رشتہ میں باندھ دیا۔ آپﷺ کا پیغام امن، سلامتی، بھائی چارہ اور انصاف پر مبنی ہے۔سیرت النبیﷺ کانفرنس کے اختتام پر میلاد مصطفیﷺ واک کا بھی اہتمام کیاگیا۔ علاوہ ازیں ہفتہ شانِ رحمت العالمینﷺ کے سلسلہ میں ہی سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے زیراہتمام گورنمنٹ ماڈل ہائی سکول نزد للیانی اڈا اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول حاجی فرید روڈ پر ہفتہ شانِ رحمت العالمین ﷺکے سلسلہ میں قرأت،نعت اور تقاریر کے مقابلہ جات کا انعقادکیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرقصور کلیم یوسف، اساتذہ اور طلباوطالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب کے اختتام پر ملک وقوم کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔