Division Gujranwala celebrate Shan-e-Rehmatul-Lil-Alameen Week in their division.

Date: 
Nov 17, 2020

کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن سید گلزار حسین شاہ نے کہا ہے کہ نبی کریم ؐ تمام جہانوں اور مخلوقات کیلئے رحمت بن کر آئے اور کسی بھی مذہب اور عقیدے سے تعلق رکھنے والا آپ کے اسوہ حسنہ سے ہرشعبہ زندگی کے بارے میں مکمل رہنمائی حاصل کرسکتا ہے- انہوں نے کہا کہ آپ ؐ کی حیات مبارکہ دوسروں کے لئے احساس اور حسب استطاعت  مدد کا درس دیتی ہے اور وسائل سے محروم طبقات اور دنیاوی مشکلات کا شکار افراد کیلئے تو آپ ہمہ وقت سراپا رحمت اور ایثار تھے جس سے ہمیں بھی یہ پیغام ملتا ہے کہ ہم رنگ و نسل اورمذہب و ملت کی تفریق کے بغیر مخلوق خدا کی دلجوئی‘ مدد اور مسائل کے حل کے سلسلہ میں بھرپور کردار ادا کرتے ہیں تاکہ پوری دنیا کو یہ پتہ چل سکے کہ محمد عربی ؐ کے غلام اپنے آقا کی پیروی میں مخلوق خدا کی خدمت میں کسی بخل سے کام نہیں لیتے-کمشنر گوجرانوالہ نے ان خیالات کا اظہار گورنمنٹ گرز پوسٹ گریجوایٹ کالج سیٹلائٹ ٹاؤن میں ہفتہ شان رحمۃ اللعالمین کے سلسلہ میں ڈویژن کی سطح کے حسن قرات‘ حسن نعت اور تقاریر کے مقابلو ں میں بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کیا- ڈائریکٹر کالجز گوجرانوالہ ڈویژن مختار حسین شاہ‘ اے سی جی تنویر یسین‘ اے سی سٹی کامران حسین‘ ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز جمیل یوسف‘ پی ایس او ندیم بٹ‘ وائس پرنسپل اساتذہ اور طلباء وطالبات کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی- کمشنر نے کہا کہ یہ بات بڑی خوش آئند اور اطمینان بخش ہے کہ نوجوان نسل نہ صرف اپنے آقا کریم ؐ سے بے پناہ محبت کرتی ہے بلکہ آپ ؐ کی تعلیمات کو بھی زیادہ بہتر اور وسیع تناظر میں سمجھنے کی صلاحیتوں میں مالا مال ہیں - انہوں نے کہا کہ بالخصوص خواتین اور طالبات بھی آپ ؐ کے اسوہ حسنہ سے رہنمائی لیتے ہوئے خود کو زیور تعلیم سے آراستہ کرکے ملکی تعمیر وترقی میں بڑا اہم کردار ادا کررہی ہیں اور حصول علم کیلئے ان کی لگن اور مختلف شعبہ ہائے زندگی میں حاصل ہونے والی کامیابیاں قابل تحسین ہیں -ڈویژنل مقابلوں میں حسن قرات کے شعبہ میں گورنمنٹ گرلز پوسٹ گریجوایٹ کالج ماڈل ٹاؤن کی طالبہ مفخرہ طارق اول‘ پنجاب کالج لالہ موسی کی حافظہ ایمان فاطمہ دوئم اور گورنمنٹ گرلز کالج منڈی بہاؤالدین کی طالبہ فاطمہ عارف سوئم قرار پائیں - حسن نعت کے مقابلوں میں گورنمنٹ گرلز اسلامیہ کالج حافظ آباد کی نایاب زہرہ اول‘ گورنمنٹ گرلز کالج پیپلز کالونی کی میرال شعیب دوئم اور گورنمنٹ گرلز کالج منڈی بہاؤالدین کی کائنات فاطمہ سوئم ٹھہریں - ڈویژنل سطح کے تقریری مقابلوں میں گورنمنٹ گرلز کالج ماڈل ٹاؤن کی عائشہ افضل اول‘ رائل کالج نارووال کی حفصہ شفیق دوئم اور اسلامیہ گرلز کالج حافظ آباد کی انفال ناصر سوئم رہیں - کمشنر اور ڈائریکٹر کالجز نے پوزیشن ہولڈرز طالبات میں انعامات تقسیم کئے-دریں اثناء گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج سیٹلائٹ ٹاؤن میں بھی ہفتہ شان رحمۃ اللعالمین کے سلسلہ میں ڈویژن کی سطح کے حسن قرات‘ حسن نعت اور تقاریر کے مقابلوں کا انعقاد کیاگیا۔ تقریب میں ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹرمختارحسین شاہ‘ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز‘ پرنسپل کالج اور اساتذہ وطلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں محکمہ صحت کے زیراہتمام تمام بنیادی مراکز صحت میں ہفتہ شان رحمۃ اللعالمین کے سلسلہ میں محافل کا انعقاد کیاگیا جن میں ڈاکٹرز‘ پیرامیڈیکل سٹاف کے علاوہ معززین علاقہ نے بھی شرکت کی۔